نئی دہلی، 17/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی) منی پور میں کشیدگی بڑھتی جا رہی ہے اور حالات مزید بگڑنے کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔ اتوار کے روز بگڑتی صورتحال کے باعث وزیر داخلہ امت شاہ نے مہاراشٹر کے ودربھ میں اپنی طے شدہ تقاریر منسوخ کر کے فوری طور پر دہلی کا رخ کیا۔ اس دوران، سی آر پی ایف کے ڈائریکٹر جنرل انیش دیال کو فوری ہدایت دیتے ہوئے امپھال بھیج دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق، ریاست میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال اور بڑھتی ہوئی تشدد کی وارداتوں کے پیش نظر یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔
منی پور کے جری بام اور فیرازول اضلاع میں اتوار کو انٹرنیٹ اور موبائل ڈیٹا معطل کر دیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق، میتئی اور کوکی برادریوں کے درمیان نسلی تنازعے کے باعث کشیدگی شدت اختیار کر گئی ہے۔ سی آر پی ایف کیمپ پر شدت پسندوں کے حملے کے بعد جھڑپوں میں اضافہ ہوا ہے، جس سے متاثرہ علاقوں میں خوف کی فضا قائم ہے۔
صورتحال اس وقت مزید بگڑ گئی جب جریبام کے بارک دریا سے چھ لاپتہ افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں۔ ان واقعات کے بعد مشتعل مظاہرین نے ہفتہ کے روز تین وزراء اور چھ ارکان اسمبلی کے گھروں پر حملے کیے۔ حالات کے پیش نظر حکومت نے پانچ اضلاع میں کرفیو نافذ کر دیا ہے اور حساس علاقوں میں انٹرنیٹ سروس معطل کر دی گئی ہے۔
اہلکاروں کے مطابق، ہفتہ کو برآمد ہونے والی لاشوں میں دو خواتین اور ایک بچہ شامل تھے، جبکہ جمعہ کی رات تین مزید لاشیں ملیں جن میں ایک خاتون اور دو بچے شامل تھے۔ ان تمام لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے آسام کے سلچر میڈیکل کالج بھیج دیا گیا ہے۔
چند دن قبل منی پور میں سکیورٹی فورسز نے ایک بڑی کارروائی کے دوران کم از کم گیارہ مسلح کوکی شدت پسندوں کو ہلاک کیا تھا، جو جری بام کے بوروبکرا میں پولیس اسٹیشن پر حملہ کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ مرکزی حکومت منی پور کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور امن قائم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔